اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے کے لیے منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا جبکہ منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی یونٹ یا مثالی انتظامی ماڈل کا درجہ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے وفاقی دارالحکومت کی انتظامی اور جغرافیائی حیثیت میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے میں اسلام آباد کی حدود کو وسعت دینے کی تجویز بھی شامل ہے، جس کے تحت خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور اور راولپنڈی کے بعض علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح ضلع مری کے حلقہ این اے 51 کے بعض علاقوں کو بھی اسلام آباد کی حدود میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ابتدائی منصوبے میں گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے کا حصہ بنانے کی تجویز بھی شامل تھی، تاہم اب یہ منصوبہ ترک کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد کی نئی انتظامی حیثیت، حدود اور منتخب نمائندوں کی تعداد سے متعلق تجاویز تاحال زیر غور ہیں۔