اسلام آباد: صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے دوران ہزارہ کے عوام کی جدوجہد اور تاریخی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جھاری کس سے کوہستان تک صوبہ ہزارہ قائم کیا جائے، جبکہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی تجویز پر ہزارہ کا کوئی علاقہ وفاقی دارالحکومت میں شامل نہ کیا جائے۔

صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار محمد یوسف، سینیٹر محمد طلحہ محمود، مرتضیٰ جاوید عباسی، بابر نواز، عبدالرزاق عباسی، سردار گوہر زمان، نواب زادہ ولی محمد، بریگیڈیئر (ر) شہزاد اعوان، مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر اور پرنس فضل حق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہزارہ کے عوام گزشتہ 16 سال سے صوبے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں اپنی مکمل جغرافیائی حدود کے مطابق صوبہ چاہیے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام نے ریفرنڈم کے ذریعے صوبہ سرحد کو پاکستان میں شامل کروانے میں تاریخی کردار ادا کیا تھا اور اب ان کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی آواز مضبوط ہو رہی ہے، جس سے عوام کی اقتدار تک براہ راست رسائی ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبہ ہزارہ کی حدود چھچھ تک رہی ہیں، اس لیے نئی انتظامی تقسیم میں اس تاریخی پس منظر کو بھی سامنے رکھا جائے۔ ہزارہ کے عوام کی طویل جدوجہد کو نظرانداز کرنے سے گریز کیا جائے اور کسی بھی قسم کے انتشار سے بچنے کے لیے تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں۔

صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صوبے کے قیام کی تحریک کو مسلسل اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھانے میں صوبہ ہزارہ تحریک نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج ملک بھر میں نئے صوبوں کے مطالبات اسی جدوجہد کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہزارہ کے عوام اپنے مکمل صوبے کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔