کراچی: چیئرمین نیوٹیک (NAVTTC) راجہ قمر الاسلام نے پاکستان میرین اکیڈمی کراچی کا دورہ کیا، جہاں کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انہیں تربیت کے مختلف مراحل، تعلیمی و تکنیکی سہولیات اور اکیڈمی کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر راجہ قمر الاسلام نے اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور تربیتی نظام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی ضروریات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو جدید تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ نیوٹیک کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کے لیے خصوصی تکنیکی تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے تاکہ انہیں عالمی شپنگ انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنا کر دنیا بھر کی شپنگ کمپنیوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

راجہ قمر الاسلام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی فنی تربیت فراہم کرنے اور انہیں عالمی سطح پر روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے کم سے کم وقت میں تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرکے عالمی روزگار کی منڈی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔