اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا تاریخی جلسہ ملک بھر کے غریب اور مظلوم عوام کی آواز ثابت ہوگا۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ خوشحال، مستحکم اور اسلامی پاکستان کے قیام کے لیے ہے۔
جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی عہدے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مسائل پر ملک کی تاریخ کی طویل ترین عوامی مہم چلائی ہے۔ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی چاہتی ہے اور عوامی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی جماعت عوام کے حقیقی مسائل پر آواز نہیں اٹھاتی، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں میں مافیاز کا اثر و رسوخ ہے۔ ہماری جدوجہد اقامت دین اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے ہے، جسے ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے اعلان کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ہر یونین کونسل سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے قیادت اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں، کیونکہ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔
انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی میں اضافے کو شہباز حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ ان کی جماعت آج بھی پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو عوام سے وصول کیا جانے والا بھتہ ٹیکس سمجھتی ہے۔ ملک میں قانون کی عملداری نہ ہونے کے باعث مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور بنیادی ضروریات زندگی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی حکومت کی مقرر کردہ قیمت 290 روپے فی کلو کے بجائے 550 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ حکومت نے بجلی اور گیس کے بلوں کو آمدن کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔