اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے حکومتی وفد کی ملاقات معمول کا حصہ تھی، اتحادی جماعتوں کی قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً ایسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران ریفرنڈم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

طارق فضل چوہدری کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی، طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر اور شیری رحمان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان میں اتحادی جماعت کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور حکومتی اتحاد کا حصہ رہتے ہوئے پارلیمانی تعاون جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل اور مشکلات کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے میثاقِ جمہوریت سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ملاقات میں وسیع تر سیاسی اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم آئین میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے مقررہ طریقۂ کار کا متبادل نہیں، بلکہ عوام سے براہِ راست رائے لینے کا ایک ذریعہ ہے کہ موجودہ حالات میں نئے صوبے بننے چاہئیں یا نہیں۔

ان کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبوں کے ممکنہ فوائد اور نظام میں درکار تبدیلیوں کے حوالے سے عوامی رائے حاصل کی جا سکتی ہے۔ اگر عوامی رائے منفی آئی تو نئے صوبوں کا معاملہ ختم ہو جائے گا، جبکہ مثبت رائے کی صورت میں اس کے مطابق پیش رفت کی جائے گی۔ تاہم ریفرنڈم کے انعقاد کے وقت اور حتمی فیصلے کا تعین ابھی ہونا باقی ہے، جبکہ اس کا طریقۂ کار بعد میں طے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ پارلیمان میں قانون سازی اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی بات ہوئی۔ پارلیمانی قانون سازی کمیٹی میں دونوں جماعتوں کے نمائندے اور وزیر قانون شامل ہیں۔ ملاقات میں مختلف وزارتوں کے زیرِ التوا بلوں پر قانون سازی کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، تاہم زیرِ التوا بلوں میں اٹھائیسویں آئینی ترمیم کا کوئی بل شامل نہیں۔