راولپنڈی: ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر میں مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہوگیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خارجی عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا دہشت گرد پاکستان کی امن کوششوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچے کو شہید کرنا انسانیت کےخلاف ناقابل معافی جرم ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  بہادر سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ قوم کی حمایت سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔