مظفر آباد: آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رجسٹریشن پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی رجسٹریشن درخواست کو مسترد کر دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ درخواست آڈٹ اعتراضات پر مسترد کی گئی ہے۔
مذکورہ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی آزاد کشمیر انتخابات میں بطور جماعت حصہ نہیں لے سکے گی۔
پی ٹی آئی کا ردعمل، عدالت جانے کا اعلان
پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے پارٹی رجسٹریشن سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف فوری اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پارٹی رہنما سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلیے کھیل کھیلا گیا، فیصلے نے آئندہ الیکشن کو ہی متنازع بنا دیا ایسے الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔