اسلام آباد: نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کے 75 سال خطہ میں دونوں ممالک کے درمیان لازوال، مثالی اور تاریخ ساز تعلقات پر مبنی بااعتماد رشتہ ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کی قیادت نے کمالِ تدبر اور دُوراندیشی سے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو محفوظ رکھا، تمام عالمی استعماری حربوں کو ناکام بنایا۔ پاکستان نے امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چین اور پاکستان کی حکمتِ عملی سے خطہ میں انڈیا کی فرعونیت زمین بوس ہوگئی۔ چین کا سی پیک منصوبہ خطہ میں گیم چینجر اقتصادی منصوبہ ہے۔ پاکستان کے عوام چین کیساتھ دوستی اور اقتصادی راہداری منصوبہ – سی پیک کی حفاظت کریں گے اور پاک چین بااعتماد دوستی باہمی اعتماد کی نئی بلندیوں پر جائے گی۔
لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کے مرکزی رہنما میاں مقصود احمد(رح) کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں مقصود احمد (رح) کا انتقال دینی، سیاسی، سماجی حلقوں کا مشترکہ صدمہ ہے۔ مرحوم جرات مند رہنما، خطیب اور غلبہ دین کی جہدِ مسلسل کا استعارہ تھے؛ سیاسی، دینی حلقوں، علماء اور مشائخ کے ساتھ وسیع تعلقات کی حامل شخصیت تھے۔ میاں مقصود احمدؒ نے پنجاب میں سیاسی، دینی، دعوتی محاذ پر انتھک محنت کی، جماعتِ اسلامی کے قابلِ فخر رہنما تھے، مرحوم کی دینی، سیاسی، سماجی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
لیاقت بلوچ سے جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، سیکرٹری جنرل جہانگیر خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور آزاد جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان میں انتخابات کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ انتخابات کے حوالہ سے جماعتِ اسلامی کی واضح پالیسی ہے کہ جماعتِ اسلامی کے پلیٹ فارم اور انتخابی نشان ترازو پر امیدواران حصہ لیں گے، اضلاع یا حلقہ جات میں اگر کہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی کوئی تجویز ہے تو اُس حوالے سے اضلاع نہیں بلکہ مرکزی سطح پر ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ گلگت اور استور کی نشستوں پر ایڈجسٹمنت کی ضلعی تجاویز پر حتمی فیصلہ مرکز آزاد جموں و کشمیر کرے گا۔ تحریکِ آزادی کشمیر کی تقویت کے لئے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت-بلتستان الیکشنز میں عوام کے لئے جماعتِ اسلامی بہترین آپشن ہے۔ مظفرآباد میں "بنوقابل” پروگرام تاریخ ساز ہے، تعلیم اور آئی ٹی دشمن تعصبات کے مندروں میں محصور لوگ نوجوانوں کے کامیاب پروگرام پر پریشان ہیں۔ "بنو قابل” پروگرام ہر قسم کی سیاست اور گروہی تعصبات سے بالاتر نوجوانوں کا اپنا پروگرام ہے۔
لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کے رہنما محمد اصغر کے برادرِ نسبتی کے انتقال پر اہلِ خاندان سے اسلام آباد میں تعزیت کی اور شکارپور، سکھر میں سندھ کے معروف زمیندار، بزنس مین آغا عبدالحمید سے بھی ملاقات کی۔ اسلام آباد میں سی ڈی اے کی طرف سے مسمار کردہ کچی آبادیوں کے مکینوں کے متاثرین کے وفد نے ملاقات کی۔ اِس موقع پر انجینئر نصراللہ رندھاوا، زبیر صفدر، رب نواز اور عامر بلوچ موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 1960ء سے جو لوگ اسلام اباد کی پسماندہ بستیوں میں رہ رہے ہیں، اسلام آباد کی تعمیر میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ، سی ڈی اے اور انتخابات کے دوران حکمران جماعتوں کے اراکینِ اسمبلی نے مکینوں کو رہائش کے لئے سہولیات اور تحفظ کے دعوے کئے لیکن اب 60 سال سے قائم اِن بستیوں کو ختم کردینا صریحاً ظلم اور زیادتی ہے۔ وزیراعظم، وزیرداخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے متاثرہ بستیوں کے مکینوں کو حق، انصاف اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متبادل جگہ دیں۔ ساری زندگی کی جمع پونجی لگاکر اپنے لئے سائبان بنانے والے اب کہاں جائیں؟