اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں گندم کی درآمد، قیمتوں میں استحکام اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے گندم سے متعلق معاملات کے حل میں صوبائی حکومتوں، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزارتِ تجارت کے تعاون اور رابطہ کاری کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے پاسکو (PASSCO) کو ہدایت کی کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) اور اسٹیئرنگ کمیٹی کی منظور شدہ تقسیم کے مطابق صوبوں کو فوری طور پر گندم فراہم کی جائے۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ مختص گندم کی بروقت رقم کی ادائیگی اور اٹھانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ملک کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کے فیصلے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔