اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں کھولی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

اسحاق ڈار نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لاپتہ افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے نیپال کے امدادی اور بحالی کے اقدامات کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔