تحریر: ڈاکٹرفاروق عادل
بھائی محبوب ظفر صاحب نے جناب نذیر قیصر صاحب کے تازہ مجموعہ کلام ” حرف سے کونپلیں نکل آئیں” کی شاندار تقریب پذیرائی منعقد کی۔ صدارت افتخار اردو جناب افتخار عارف نے کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر حمیرا اشفاق تھیں۔ اظہار خیال کرنے والوں میں آپا نعیم فاطمہ علوی، ڈاکٹر صنوبر الطاف اور جناب جمشید پیٹر شامل تھے۔ میرے لیے یہ اعزاز تھا کہ مجھے بھی گفتگو کا موقع عطا کیا گیا۔ اس موقع پر میں یہ سطور پیش کیں۔
نذیر قیصر کے ذکر پر مجھے اشفاق احمد کاشف کی یاد آتی ہے۔ یہ کچھ لاہور کی اوٹ میں کسی اور سے محبت جیسا معاملہ ہے۔ اشفاق فیصل آباد سے کیا نکلا، اسے پر ہی لگ گئے۔ وہ اشفاق صاحب اور واصف صاحب سے ہوتا ہوا نذیر قیصر تک جا پہنچا پھر ان کی شان میں اس نے قصیدے پڑھنے شروع کر دیے۔ یہ ان زمانوں کی بات ہے جب لوگ خط لکھا کرتے تھے۔ نذیر قیصر کا تذکرہ جب حد سے بڑھا تو میں نے اس کے خطوں کے جواب کیا دینے تھے، پڑھنے بھی بند کر دیے۔ یہ سلسلہ اس صدی کی دوسری دہائی تک جاری رہا جب تک کہ میری نذیر قیصر سے ملاقات نہیں ہو گئی۔
بڑی بڑی تقریبات میں کچھ بڑا ہی ہوتا ہے۔ ایسی تقریبات میں جنھیں شرکت کی دعوت مل جائے، وہ ہوا میں اڑنے لگتے ہیں اور نذیر قیصر کو تو اس روز صدر مملکت نے کسی ایوارڈ سے نوازا تھا۔ توقع تو نہیں تھی کہ میں انھیں متوجہ کر پاؤں گا لیکن پھر بھی چائے کی میز پر میں نے انھیں جا پکڑا۔
نذیر قیصر حسن پرست ہیں اور اس وقت بھی وہ حسینوں کے نرغے میں تھے۔ حسینوں کا نرغہ بڑا جان لیوا ہوتا ہے۔ زمانہ طالب علمی میں ؛ میں ایک اخبار میں مزدوری کیا کرتا تھا۔ میگزین ایڈیٹر نے مجھے حکم دیا کہ نیپا میں فلاں بزرگ شاعر خطاب کریں گے اور کلام سنائیں گے۔ تم ان سے مل کر انٹرویو کا وقت طے کر آؤ۔ ان بزرگ کا تعلق اگرچہ میرے آبائی علاقے سے تھا لیکن سچی بات ہے کہ وہ میری پہنچ سے دور تھے۔ میرے جیسے ٹھرکیان ادب ان کا تذکرہ اخبار رسالوں میں پڑھتے اور سوچتے کہ کیسے لوگ اپنی زندگی میں ہی کہانی بن جاتے ہیں۔ بس، ایسے ہی خیالات میں غلطاں میں نیپا جا پہنچا۔ ہمارے سب کے بزرگ اس وقت حسیناؤں کے ہجوم میں تھے۔ خوشبوؤں کی اس دیوار کے پیچھے سے میں نے انھیں مخاطب کیا۔ میری آواز ان تک پہنچی یا نہیں لیکن میں ان کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
نذیر قیصر کو مخاطب کرتے وقت میرے ذہن میں نیپا کراچی کا تجربہ تھا لیکن حیرت ہوئی کہ میری نحیف سی آواز ان تک پہنچ گئی۔ میں نے انھیں مبارک باد پیش کی تو شرمیلی سی مسکراہٹ کے ساتھ انھوں نے اسے قبول کیا اور پوچھا:
اسم گرامی؟
میرا نام سن کر انھوں نے بلاتوقف اشفاق کو یاد کیا اور کہا کہ اشفاق کا دوست ملا گویا اشفاق مل گیا پھر وہ حسینوں کی قوس قزح سے نکلے اور میرا ہاتھ پکڑے پکڑے ہال کے عین پیچھے اس گوشے میں جا پہنچے جس کے باسی ذخیرہ خور و نوش کی جانب ہجرت کر چکے تھے۔
نذیر قیصر سے یہ میری پہلی ملاقات تھی۔ اس روز ہم نے بہت سی باتیں کیں، کچھ مشترکہ محبت یعنی اشفاق کی، کچھ شعر و ادب اور اس کے ماحول کی۔ میری بات سنتے سنتے انھوں نے پہلو بدلا یا اپنی گفتگو روک کر انھوں نے موضوع بدلا، یہ بات اہم تو ہے لیکن اتنی بھی اہم نہیں ہے کہ اسے یاد کرنے کے لیے وقت ضائع کیا جائے۔ ہوا یہ کہ نذیر قیصر صاحب نے دوران گفتگو اچانک حضرت نظام الدین اولیا کا ذکر کیا پھر کہا۔ نظام جی فرماتے ہیں:
اللہ سے محبت کا سب سے خوبصورت اظہار اس کی مخلوق سے محبت، خدمت اور خیرخواہی ہے۔
یہ کہہ کر نذیر قیصر لحظہ خاموش ہوئے۔ اس دوران میں میری نگاہ ان کے چہرے پر پڑی۔ ہمارے فن کاروں کی ایک روایت بڑی خوب صورت ہے۔ وہ جب کسی بزرگ یا برگزیدہ ہستی کا نام لیتے ہیں، احترام سے اپنے کان چھو لیتے ہیں۔ نذیر قیصر صاحب نے اس روایت کی پیروی تو نہیں کی لیکن ان کے چہرے پر احترام کا سایہ مجھے صاف دکھائی دیا۔ حضرت کا نام ان کی زبان پر آتا تو ذرا سی جھرجھری کے ساتھ ان کی گہری سانولی رنگت ذرا سی دیر کے لیے بدل جاتی۔ حضرت مسیح علیہ السلام ہوں یا سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام لیوا نظام الدین اولیا، یہ سب ایک ہی نور کی کرنیں ہیں لیکن کیا کیا جائے کہ روشنی کا منبع ایک ہی کیوں نہ ہو، پیرو کاروں کی کوئی نہ کوئی کل ضرور الٹی ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کے بہت سے بد صورت مظاہر ہمیں آئے روز دکھائی دیتے ہیں۔ اس طوفان بدتمیزی میں ایک شخص ایسا بھی ہے؟ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی لیکن حقیقت میرے سامنے تھی جس کے اعتراف میں مجھے اب بھی تامل تھا لیکن یہ ضرور ہوا کہ اشفاق سے نامہ و پیام ایک بار پھر شروع ہو گیا تب میری سمجھ میں آیا کہ اس مسیحی کی مسیحائی کا اصل راز کیا ہے۔
یہ شاید یونس ادیب مرحوم کا واقعہ ہے ۔ انھوں نے اپنی ساٹھویں سال گرہ منائی تو اس کے ساتھ ہی انھیں ایک پروانہ بھی ملا۔ یہ ریٹائرمنٹ کا حکم نامہ تھا۔ ملازم پیشہ لوگوں کی زندگی میں یہ واقعہ ایک روز تو ہونا ہی ہوتا ہے لیکن یہ حقیقت جاننے کے باوجود ہاتھوں کے توتے اڑ جاتے ہیں۔ یونس ادیب صاحب کی کیفیت بھی کچھ ایسی ہی رہی ہوگی۔ نذیر قیصر کو خبر ملی تو وہ چپکے سے احمد ندیم قاسمی صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا:
بھائی جی! اک دن تسی وی سٹھ سال دا ہونا اے۔
یونس ادیب کو مہلت مل گئی۔ ویسے اس قسم کی نیکیاں ہر وہ شخص کبھی کبھار کر دیتا ہے جسے خوش قسمتی ایسا موقع مل جائے۔ نذیر قیصر کو ایسے موقع بار بار ملے۔ ہمارے ایک بزرگ شاعر تھے جن سے اردو پڑھنے والی نسل کو پچپن سے ہی پیار رہا ہے۔ انھیں فلمی گانے لکھنے کی پیش کش ہوئی تو ان کے چھکے چھوٹ گئے۔ نذیر قیصر ایک روز ان کے پاس گئے اور کہا کہ پریشان کیوں ہوتے ہیں، میں جو ہوں۔ یوں ہماری فلمی صنعت کو ایک عظیم نغمہ نگار مل گیا۔ نذیر قیصر سے پوچھا جاتا کہ ایسا آپ نے کیوں کیا تو وہ کاندھے آچکا کہتے کہ میں نے ایسا کب کیا؟ یوں معلوم ہوا کہ یہ شخص عادی دروغ گو ہے۔ جھوٹ ایک ایسا عارضہ ہے جس کی سزا دنیا میں بھی ملتی ہے اور آخرت میں بھی۔ آخرت میں نذیر قیصر کو کیا سزا ملے گی، یہ تو روز حشر ہی پتہ چلے گا لیکن دنیا میں اسے یوں سزا ملی کہ ایک نغز گو شاعر اس کے پاس آیا اور بڑی محبت کے ساتھ کہا کہ یار! تم اپنا مجموعہ شائع کیوں نہیں کراتے۔ نذیر قیصر نے اپنی عادت کے مطابق کوئی عذر کیا ہو گا۔ قصہ کوتاہ، انھوں نے دوست پر اعتماد کیا اور اپنا سارا کلام اس کے حوالے کر دیا۔ اس شخص نے ان کی ساری اچھی غزلیں کہیں محفوظ کر دیں اور کمزور شاعری مرتب کر کے شائع کرا دی۔ یوں نذیر قیصر کو اپنے گناہوں کی سزا دنیا میں ہی مل گئی۔ انھیں سزا ملنے کا عمل اب تک جاری ہے۔ بھائی محبوب ظفر نے مجھے اس تقریب میں گفتگو کی ذمے داری سونپی تو میں نے بڑی محنت سے نوٹس تیار کیے لیکن جب لکھنے بیٹھا تو نوٹس غائب تھے۔ اشفاق کی مدد سے میں نے ایک بار پھر نوٹس تیار کیے۔ یہ تحریر لکھنی شروع کی تو نوٹس میرے پاس تھے لیکن دوران تحریر پر اسرار طور پر غائب ہو گئے۔ ایسا نہ ہوتا تو میں نذیر قیصر کا شان دار خاکہ لکھتا۔ خیر، اب کیا ہو سکتا ہے۔ گناہوں کا پھل انسان کو مل کر ہی رہتا ہے۔