باکو: سفارتخانہ پاکستان باکو کے زیر اہتمام اور آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے پاکستانی زبان و ثقافت مرکز کے تعاون سے ’’زبانوں کے درمیان پل: آذربائیجانی، اردو ادبی تراجم کی تقریب رونمائی‘‘ کے عنوان سے خصوصی ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے معروف ادبی کاموں کے تراجم پیش کیے گئے۔

تقریب میں پاکستانی مصنف اور موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کی معروف کتاب ’’منزل کی طرف‘‘ کے آذربائیجانی ترجمے جبکہ آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے ریکٹر، ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر کمال عبداللہ کی تصنیف ’’وادیِ طلسم‘‘ کے اردو ترجمے کی رونمائی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دونوں کتب کے تراجم پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے ادبی، علمی اور ثقافتی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادبی تراجم دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی زبان، ثقافت اور فکری ورثے کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب کا افتتاح وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کی پارلیمنٹ، ملی مجلس، کی اراکین تمّام جعفرووا اور رضوان نبی یوف نے پاکستان اور آذربائیجان کے تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے عوامی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران ورجینیا مورگن حیات کی جانب سے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات، قدرتی حسن اور دلکش مناظر پر مشتمل خصوصی تصویری نمائش بھی پیش کی گئی۔ ورجینیا مورگن حیات نے پاکستان میں اپنے تجربات اور تاثرات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔

اس موقع پر پاکستان کے ثقافتی تنوع اور خوبصورتی کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم ’’سلام پاکستان‘‘ بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کے مختلف ثقافتی اور قدرتی پہلوؤں کو نمایاں کیا گیا۔ شرکاء نے دستاویزی فلم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب میں پاکستانی ثقافت کے مختلف رنگوں کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی پاکستانی کھانوں اور مٹھائیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن سے شرکاء نے لطف اٹھایا۔

ادبی تقریب میں آذربائیجان کی پارلیمنٹ کے ارکان، ماہرین تعلیم، دانشوروں، ادیبوں، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اختتام پر مقررین نے کہا کہ ادبی اور ثقافتی تبادلے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ادب کے تراجم ایک دوسرے کی زبان، ثقافت اور فکری ورثے سے واقفیت کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔