ننکانہ صاحب: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت جنگوں کے اثرات، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے، ایسے حالات میں محبت، امن، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، جس کی تعلیم بابا گرو نانک دیو جی نے بھی دی ہے۔

بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش گُرپورب کے موقع پر ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں پرکاش پرب کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی سکھ برادری کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات محبت، مساوات، خدمت اور انسانیت کی فلاح کا آفاقی پیغام دیتی ہیں۔ ان کے تین بنیادی اصول ’’نام جپو، کِرت کرو اور ونڈ چھکو‘‘ انسان دوستی اور معاشرتی بھلائی کا مکمل فلسفہ پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے دوسروں کے ساتھ اپنی کمائی بانٹنے، بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا درس دیا، جبکہ اسلام اور قرآن پاک بھی انسانی جان کے احترام اور انسانیت کی خدمت کی تعلیم دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار اور بڑے عہدوں سے بڑھ کر حقیقی سکون دوسروں کے دکھ درد بانٹنے، یتیموں کی سرپرستی کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں ہے۔ بابا گرو نانک کا فلسفہ ’’ونڈ چھکو‘‘ آج بھی معاشرے میں محبت اور مساوات کے فروغ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

عالمی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے اثرات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور بات چیت کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ نفرت، جنگ اور تنازعات کے موجودہ ماحول میں بابا گرو نانک دیو جی کی امن، برداشت، رواداری اور انسانیت سے محبت کی تعلیمات پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔