بیجنگ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے اور پاکستان آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کے لیے پُرامید ہے۔
بیجنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے، جبکہ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ چکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برسوں کے دوران تقریباً پانچ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی کے خلائی تجربات موسمیاتی تبدیلیوں اور مشکلات کے خلاف مزاحمت، بہتر بیجوں کی تیاری اور جدید صنعتی مواد کی تحقیق میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع، نگرانی اور ہنگامی امدادی نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاک چین مجوزہ نالج کوریڈور کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ 10 برسوں میں 10 ہزار پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالرز کی تربیت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے ملک میں تحقیق، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت 2035 تک ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالر جبکہ 2047 تک تین ہزار ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق، تعلیم اور پاک چین تعاون پاکستان کے روشن مستقبل اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔