راولپنڈی : عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت داخلہ، خارجہ اور معاشی سمیت تمام شعبوں میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور مؤثر نظامِ حکومت کا فقدان ہے، جبکہ حکومتی وزراء آپس میں دست و گریباں ہیں۔ صوبوں کی تعداد بڑھانے کی باتیں تو کی جا رہی ہیں لیکن آج تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے صوبے بنیں گے، ان کی حدود کیا ہوں گی اور وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار کیا ہوگا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان خیالات کا اظہار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق وزیراعلیٰ سردار مہتاب احمد خان عباسی اور مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر کے ہمراہ پارٹی سیکریٹریٹ میں ایک بڑی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں آٹا 200 روپے کلو جبکہ گیس سلنڈر 600 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ حکومت کے پاس عوام کو درپیش مسائل کا کوئی حل موجود نہیں۔ ملک میں نہ آئین کی بالادستی نظر آتی ہے، نہ جمہوریت اور نہ ہی قانون کی حکمرانی۔ فروری 2024 کے انتخابات بدترین دھاندلی کی مثال ہیں۔ ہم کسی غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری سیٹ اپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک کانفرنس کے انعقاد کے لیے تعلیمی ادارے، دفاتر اور پورا دارالحکومت بند کرنا پڑتا ہے، لیکن حکومت کے پاس اس صورتحال کا بھی کوئی جواب نہیں۔ صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوام میں تحفظات پائے جاتے ہیں۔ راولپنڈی کے مسائل لاہور اور سکھر کے مسائل کراچی بیٹھ کر حل نہیں کیے جا سکتے۔ اندرون سندھ نئے صوبے کے قیام پر شدید تحفظات ہیں جبکہ کراچی میں اس کی بھرپور حمایت پائی جاتی ہے۔ حکومت فوری طور پر واضح کرے کہ نئے صوبے کیسے اور کن بنیادوں پر بنائے جائیں گے۔

گندم بحران پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو 78 سال گزرنے کے باوجود آج تک گندم کی قیمت اور خریداری کا مؤثر نظام وضع نہیں کیا جا سکا۔ ملک تقریباً 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کر چکا ہے جبکہ گندم کی کمی 25 سے 30 لاکھ ٹن تک بتائی جا رہی ہے۔ کسان نے اپنی گندم 65 روپے فی کلو تک فروخت کی، جبکہ پنجاب میں 30 لاکھ ٹن خریداری کے ہدف کے مقابلے میں صرف تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خریدی گئی۔ اس صورتحال میں مڈل مین کو ذخیرہ اندوزی کا موقع ملا۔ یہ محض پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ پالیسی میں کرپشن کا معاملہ ہے۔

انہوں نے چینی کی قیمتوں اور درآمدی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی صنعت کو ڈی ریگولیٹ کر دیا گیا، جبکہ درآمدی چینی پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا۔ اس صورتحال سے مل مالکان فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ جو لوگ پالیسیاں بناتے ہیں، فائدہ بھی وہی اٹھاتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں پیداوار نہیں بڑھے گی تو ترقی کیسے ممکن ہوگی؟ سیاسی عدم استحکام، قانون کی عدم موجودگی اور خراب حکومتی نظام نے ملک کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ نہ پولیس کا نظام درست ہے، نہ انتظامیہ مؤثر ہے اور نہ ہی اسپتال بہتر انداز میں چل رہے ہیں۔ اگر ملک میں نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات ہو رہی ہے تو اس کا مکمل خاکہ بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے ساتھ یہ بھی بتایا جائے کہ صوبوں کے وسائل اور ٹیکس کی آمدن کی منصفانہ تقسیم کیسے ہوگی۔ آج نئے صوبوں کی مخالفت اصولوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے تحت کی جا رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی اداروں میں کرپشن کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔ اگر ٹیکنوکریٹ حکومت یا قومی حکومت بنانی ہے تو اس کا واضح منصوبہ سامنے لایا جائے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کا آغاز قانون کی بالادستی اور عوامی رائے کے احترام سے ہونا چاہیے۔ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور سیاسی عدم استحکام کی ایک بڑی وجہ انتخابی عمل پر اٹھنے والے سوالات ہیں۔ گزشتہ دونوں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سامنے آئے۔ اگر آئین اور قانون کے مطابق ہماری جماعت کو کوئی ذمہ داری دی جاتی ہے تو ہم اسے پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر نے بھی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ عرصے میں ڈیڑھ سو ارب روپے ریفائنریز تک پہنچ گئے، جبکہ حکومت نے پٹرولیم لیوی اور ٹیکسوں کے ذریعے عوام پر مالی بوجھ بڑھایا ہے۔ پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کا ایک مؤثر طریقہ حکومتی اخراجات میں کمی ہے، لیکن حکومت اپنے اخراجات کم کرنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوئی واضح وژن موجود نہیں۔ شہباز شریف کی جماعت پر انتخابی نتائج اور فارم 47 کے حوالے سے بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی وجوہات آج تک واضح کیوں نہیں کی گئیں۔

پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاسی استحکام، شفاف انتخابات، آئین کی بالادستی، معاشی اصلاحات اور عوامی مسائل کے حل پر مبنی واضح قومی پالیسی ناگزیر ہے۔