اسلام آباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مرکزی رہنما مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حویلی میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، دھاندلی کے ذریعے نتائج تبدیل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن عزیز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل راٹھور کو ممتاز راٹھور کے نام کی لاج رکھتے ہوئے مبینہ دھاندلی زدہ نتائج کو ازخود قبول کرنے سے انکار کر دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2021 میں مسلم لیگ ن انتخابات ہاری تو پارٹی نے فراخدلی سے شکست تسلیم کی اور کوئی دھرنا یا احتجاج نہیں کیا، تاہم اب ان کے بقول مسلم لیگ ن کے امیدوار کی جیت کو ہار میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ حویلی کے حلقے میں نتائج جاری کرنے سے قبل دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ گنتی کا جو بھی نتیجہ سامنے آئے گا، مسلم لیگ ن اسے قبول کرے گی۔