اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سپریم کورٹ کے باہر جاری دھرنے میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے صحت کے حوالے سے کبھی ایسی بات نہیں کی کہ انہیں کسی ریلیف کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو جعلی مقدمات میں ناحق قید کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے عدلیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک جج انصاف کے لیے اسٹینڈ لے گا تو اس سے دیگر ججز کو بھی حوصلہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ججز انصاف نہیں کریں گے اور اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کریں گے تو عوام کہاں جائے گی؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کی آنکھوں میں انقلاب کی جو چمک دیکھ رہے ہیں، اسے کوئی نہیں سنبھال پائے گا۔

محمد سہیل آفریدی نے خبردار کیا کہ عوام میں نفرت اس حد تک بڑھ سکتی ہے کہ عمران خان کے کہنے پر بھی محبت پیدا نہ ہو سکے۔