اسلام آباد: صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے سابق صدر ریاست و سینئر سیاستدان راجہ محمد ذوالقرنین خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی، قومی اور جماعتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ راجہ محمد ذوالقرنین خان کی نظریہ الحاقِ پاکستان اور ریاست جموں و کشمیر کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ مرحوم نے طویل عرصے تک مسلم کانفرنس، مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان، سردار سکندر حیات خان اور ان کے ساتھ بحیثیت صدر آزاد کشمیر گراں قدر خدمات سرانجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ راجہ محمد ذوالقرنین خان کی سیاسی بصیرت، قومی جدوجہد اور جماعتی وابستگی قابلِ تحسین تھی اور ان کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
سردار عتیق احمد خان نے اپنی اور مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے پورے خاندان کی جانب سے بیگم راجہ ذوالقرنین خان، راجہ قیصر ذوالقرنین، راجہ علی ذوالقرنین، ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور تمام چاہنے والوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔