گجرات: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے، تاہم عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر یہ ریلیف ناکافی ہے۔ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک عوام کے بنیادی حقوق اور معاشی انصاف کی جدوجہد ہے، ہمارا واضح موقف ہے کہ پیٹرولیم لیوی عوام پر بھتے کے مترادف ہے اور اس کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی گجرات کے نومنتخب امیر انصر محمود دھول کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران، مہنگائی اور عوامی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکمرانوں کو محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ عوام کو مہنگائی کے اصل اسباب سے آگاہ کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور جدوجہد کی، اس سلسلے میں 510 مقامات پر سڑکیں بند کی گئیں، مختلف شہروں میں ڈیڑھ ماہ تک دھرنے دیے گئے اور درجنوں شہروں میں عوامی جلسے منعقد کیے گئے، جبکہ کراچی سے ٹرین مارچ کا بھی آغاز کیا گیا۔

ڈاکٹر طارق سلیم کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر عوام کو بڑا ریلیف دینے کی یقین دہانی اور ٹرین مارچ روکنے کی درخواست پر جماعت اسلامی نے اپنا مارچ چند روز کے لیے مؤخر کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے بھاری بوجھ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور جماعت اسلامی کی جاری تحریک کا بنیادی مقصد عوام کو معاشی استحصال سے نجات دلانا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے قیام، عوام کے حقوق کے تحفظ اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔