مسقط: صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) عمان محمد علی فضل نے عمان کے دورے پر موجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان، پنجاب اور بالخصوص عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر محمد علی فضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو UN-Habitat Scroll of Honour Award 2026 حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ یہ اعزاز پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کے اعتراف میں مسقط میں منعقدہ تقریب کے دوران دیا گیا۔

محمد علی فضل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پاکستان اور بالخصوص پنجاب کے لیے ایک قابلِ فخر نام ہیں، جبکہ عمان کی سرزمین پر ملنے والا یہ عالمی اعزاز پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کسی منصوبے کو اس نوعیت کا اعزاز ملنا ملک کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تحسین پیش رفت ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے عالمی اعزازات پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے حوصلے بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی محمد علی فضل اور پاکستان مسلم لیگ (ن) عمان کی جانب سے کمیونٹی کے لیے کی جانے والی خدمات اور مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقات خوشگوار اور باوقار ماحول میں ہوئی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسقط میں منعقدہ عالمی تقریب کے دوران UN-Habitat کا Scroll of Honour Award وصول کیا، جو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔