لاہور: پنجاب حکومت اور پاکستان ریلوے کے درمیان لاہور سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان جدید ہائی سپیڈ ریلوے سروس شروع کرنے کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مجوزہ منصوبے کا مقصد پنجاب کے دو بڑے معاشی، انتظامی اور تجارتی مراکز کے درمیان سفری وقت میں نمایاں کمی لانا ہے۔

منصوبے کے تحت لاہور اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے کی تجویز ہے، جس کے نتیجے میں دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک محدود ہونے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق ہائی سپیڈ ریلوے منصوبہ صوبے میں جدید سفری سہولیات کے فروغ کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے تیز، محفوظ اور آرام دہ سفری نظام فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت میں آسانی پیدا ہونے کے علاوہ کاروباری سرگرمیوں، روزگار اور بین الاضلاعی روابط کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔

حکومت پنجاب اور پاکستان ریلوے کی جانب سے منصوبے کے مختلف تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے حتمی خدوخال، ٹرین کی رفتار، روٹ، لاگت اور آغاز کی تاریخ سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی جانب سے آئندہ سامنے آنے کا امکان ہے۔