لاہور: سینئر تجزیہ کار جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی شب دو اہم شخصیات کے درمیان تین گھنٹے طویل ملاقات میں نئے صوبوں کے معاملے پر موجود اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور آئندہ انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر اسلام آباد کو صوبہ بنانے سے آغاز کیا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں نئے انتظامی یونٹس بعد میں قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نیا انتظامی یونٹ بننے سے انتظامی امور بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نئے انتظامی یونٹس کے حوالے سے کوئی باضابطہ بات نہیں کی، تاہم اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ان کا نام لیا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی مبینہ کرپشن چھپانے کے لیے سندھ کارڈ استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے سندھ کے شہریوں کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔