راولپنڈی: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، رکن صوبائی اسمبلی اسما عباسی، چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، اساتذہ کرام، والدین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے پوزیشن ہولڈر طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن محنت، لگن، استقامت اور عزم کے ثمرات سمیٹنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل ہے، اس لیے انہیں اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کامیابی کو اپنی منزل نہیں بلکہ مزید محنت، مسلسل جدوجہد اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کا نقطہ آغاز سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ قوت ہے جو قوموں کی تقدیر بدلتی ہے، لہٰذا طلبہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق، دیانت، نظم و ضبط اور قومی اقدار کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے والدین، خصوصاً ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی میں والدہ کا کردار سب سے نمایاں ہوتا ہے۔ ماؤں کی دعائیں، رہنمائی، شفقت اور مسلسل حوصلہ افزائی بچوں کو کامیابی کی منزل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔