مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست کا دن کشمیریوں کے لیے یوم مزاحمت ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد رکی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات یا اسمبلی کی قراردادیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی اہمیت کو کم نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کشمیر سے متعلق کیے گئے اقدامات قابل قبول نہیں۔
راجہ فاروق حیدر نے لائن آف کنٹرول کے پار کشمیریوں کو یقین دلایا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے پاکستان کے عوام، حکومت، سیاسی جماعتوں، میڈیا اور دانشوروں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان نے کئی دہائیوں سے کشمیریوں کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھی ہے، جبکہ کشمیری عوام کی جانب سے پاک فوج کی حمایت کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو جاری رکھیں اور کہا کہ کشمیریوں کو متحد ہو کر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق رائے شماری کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔