اسلام آباد: سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق، نشانِ امتیاز، سیکریٹری جنرل موتمر العالم الاسلامی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم حرمین شریفین کا تحفظ اور دفاع پوری امتِ مسلمہ کے لیے نہایت مقدس اور حساس معاملہ ہے۔
ایک بیان میں راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اور افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی حرمین شریفین جیسے مقدس مقامات کے تحفظ اور دفاع کو اپنے لیے باعثِ عزت و افتخار سمجھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے ساتھ پاکستانی قوم کی عقیدت، محبت اور وابستگی بے مثال ہے اور ہر پاکستانی ان مقدس مقامات کے دفاع کے لیے اپنی جان سمیت ہر ممکن قربانی پیش کرنا اپنے لیے اعزاز تصور کرے گا۔
سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے مزید کہا کہ حرمین شریفین صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے مقدس ترین مقامات ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے کسی بھی ذمہ داری کو پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے لیے سعادت، شرف اور اعزاز سمجھے گی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے اور پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور یکجہتی عطا فرمائے۔