راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے کامیاب تربیتی فائر کا مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے کامیاب تربیتی فائر کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتح-4 جدید ایویانکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل سسٹمز سے لیس، طویل فاصلے تک انتہائی درستگی سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ اور مختلف ذیلی نظاموں کی تکنیکی جانچ کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل سسٹم میں بہتر درستگی اور بڑھتی بقا کیلئے جدید ٹیکنالوجی شامل کی گئی،کامیاب تربیتی تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے فتح-4 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے بھی کامیاب تربیتی تجربے کو قومی دفاع کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے میزائل پروگرام میں شامل سائنسدانوں، انجینئرز اور ٹیم کی فنی مہارت، عزم اور محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فتح سیریز کے میزائل پروگرام کو پاکستان کے دفاعی نظام میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔