اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بیرون ملک سے ایک منظم منفی پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے،مہم کے پسِ پردہ بدنیتی پر مبنی عزائم کارفرما ہیں۔

عطاءتارڑ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد نامعلوم ذرائع اور عہدیداروں کا حوالہ دے کر دانستہ طور پر ابہام اور غلط معلومات پھیلانا ہے۔ پاکستان کے خطے میں پائیدار امن کے لیے کردار کو بدنام کرنے کی یہ غیر پیشہ ورانہ کوشش اُن عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے جو امن سے خائف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قابلِ اعتماد ملکی میڈیا ذرائع اور متعدد فیکٹ چیک فورمز حقائق اور تصدیق کے ذریعے پہلے ہی اس پروپیگنڈے کو بے نقاب کر چکے ہیں۔ہم بخوبی سمجھتے ہیں کہ ایسی خبروں کے پیچھے بعض عناصر، خصوصاً امن دشمن قوتیں، کارفرما ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہیہ قوتیں خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار اور غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل اور کامیاب جنگ کو قبول کرنے سے قاصر ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ، تنازعات کا حل اور امن کا قیام شاید ان عناصر کے مفاد میں نہیں جو اس مذموم مہم کے پیچھے ہیں۔

عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کا ذمہ دار میڈیا اس مربوط مہم کے پسِ پردہ موجود ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔اس مذموم پروپیگنڈا مہم کو بے نقاب کرنے میں پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی کوششیں اور کردار قابلِ تحسین ہیں۔