لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے نے ہمیں ایک مصیبت سے دوچار کردیا ہے یہ صرف پیٹرول کی قیمت ہی نہیں بڑھاتے بلکہ ٹیکسوں میں بھی اضافہ کردیتےہیں۔
پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کےخلاف لاہور میں فیصل چوک مال روڈ پر دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے دھرنا شروع کردیا ہے اور یہ دھرنا جاری رہے گا، گورنرہاؤس کراچی کے باہر بھی دھرنا جاری ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکےگی یہ جدوجہد جاری رہےگی، ہم حکومت کوپیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نےکہا ہے ہم نے کمیٹی بنائی ہے، ہمیں آپ کی بریفنگ نہیں چاہیے، آپ کی کمیٹی آپ کو مبارک، ہم کوئی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائیں گے، جس کو آنا ہے یہاں آئے، بات صرف ایک چیز پر ہوگی کہ پٹرولیم لیوی واپس لو۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے اس کا عوام سےکوئی تعلق نہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا، پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ ٹیکس اور جگا ٹیکس ہے۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ن لیگ کے کتنےجاگیرداروں نے اپنےجاگیروں پرٹیکس دیاہے؟ یہ جاگیردرانہ نظام نہیں چلےگا، یہ غریب کاشتکار کا خون چوستےہیں، بڑے بڑے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، بڑے بیوروکریٹس ٹیکس کھا جاتے ہیں، حکمران مراعات نہیں چھوڑسکتے اور غریب کا خون نچوڑتے ہیں۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے جاری ہیں۔