سانگلہ ہل ریلوے کراسنگ فلائی اوور کی تعمیر کے احکامات جاری
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد برجیس طاہر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کی، جس میں سانگلہ ہل سمیت علاقے کے اہم عوامی اور ترقیاتی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سانگلہ ہل ریلوے کراسنگ فلائی اوور کی تعمیر کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔ میاں حمزہ شہباز شریف نے عوام کو درپیش ٹریفک مسائل کے خاتمے، آمدورفت میں آسانی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے فلائی اوور کی تعمیر کے احکامات جاری کر دیے۔
سانگلہ ہل ریلوے کراسنگ فلائی اوور علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کے ساتھ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو سہولت ملے گی۔
ملاقات میں علاقے کے دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جن میں سابیان والا کینال ایکسپریس وے اور گورنمنٹ ڈگری کالج چک نمبر 7 کے منصوبے شامل ہیں۔
اس موقع پر چوہدری محمد برجیس طاہر کی جانب سے علاقے کے عوامی مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مسلسل کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی مسائل کا حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔