اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں دو بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف ہیں، ایک حکومت میں ہے اور دوسری اپوزیشن میں، اس لیے انہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے کہ کس جماعت میں شامل ہوں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ گہری دوستی ہے، جبکہ شہباز شریف سے بھی ان کے قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جاتے تو آج جلسے میں موجود لوگ یہاں بیٹھے نہ ہوتے بلکہ آگے آگے ہوتے اور پولیس ان کے پیچھے ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے بعد لوگ یہ بھی کہتے کہ چوہدری صاحب نے ہمیں کہاں پھنسا دیا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اگر وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں تو انہیں کوئی وزارت یا مشیر کا عہدہ مل سکتا ہے، لیکن انہوں نے عزت اپنے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے کمانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کہ سیاسی کشتی کو کس طرف لے کر جانا ہے تاکہ وہ خود اور ان کے ساتھی محفوظ رہیں۔

چوہدری نثار نے مزید کہا کہ گزشتہ انتخابات میں وہ اس لیے الگ رہے کیونکہ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی، حالانکہ اس وقت سیاسی حالات کا رخ اسی طرف تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان خود چل کر ان کے پاس آئے تھے اور وہ ان کے دوست ہیں۔