ڈیرہ غازی خان: ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر ہسپتال کی تعمیر کے لیے 8 ارب 70 کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار روپے کی باقاعدہ انتظامی منظوری جاری کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کے مطابق اس اہم منصوبے کا مقصد ڈیرہ غازی خان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو کینسر کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر پیش رفت خطے میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
ان کے مطابق کلثوم نواز کینسر ہسپتال ڈیرہ غازی خان شہر کے اندر ٹیچنگ ہسپتال اور غازی میڈیکل کالج سے ملحقہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا ہی سے مؤقف تھا کہ کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لیے ہسپتال شہر کے اندر اور بڑے طبی اداروں کے قریب ہونا چاہیے، تاکہ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو آمدورفت اور علاج معالجے میں زیادہ سہولت مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ڈیرہ غازی خان بلکہ پورے جنوبی پنجاب اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور ہسپتال کی تعمیر سے خطے کے مریضوں کو کینسر کے علاج کے لیے بہتر سہولیات میسر آنے کی امید ہے۔