اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ’’اسلام آباد گورننس اور صوبائی اسٹیٹس کنونشن 2026ء‘‘ میں سینیٹر محمد طلحہ محمود نے شرکت کی اور کاروباری برادری سے خطاب کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں مؤثر گورننس، انتظامی ڈھانچے کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول، بہتر سہولیات اور پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے انتظامی معاملات اور شہری ضروریات کو بہتر انداز میں حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جانی چاہیے، جبکہ کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ تقریب میں اسلام آباد کے انتظامی امور، کاروباری سرگرمیوں، شہری سہولیات اور مستقبل کے گورننس ماڈل سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔