اسلام آباد: جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے ضلعی امراء کے اجلاس میں 7 اگست کو پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاج کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس راولپنڈی میں امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم کی زیر صدارت ہوا، جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ سمیت مختلف اضلاع کے امراء نے شرکت کی۔

نذیر احمد جنجوعہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور مختلف شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج میں وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ، مزدور اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے، جبکہ ایمبولینسز کو راستہ دیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ذریعے مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے اس احتجاج میں حصہ لیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ 7 اگست کا احتجاج حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف پرامن سیاسی مزاحمت کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔