مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی جانب سے پہلے وعدے پر عملدرآمد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست ارسال کردی ہے، جس کے بعد آج سے 8 اضلاع میں مرحلہ وار انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں DSL اور 3G/4G سروسز بحال کی جائیں گی، تاہم بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں تک محدود ہوگی۔ مظفرآباد ضلع میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے صرف DSL سروس دستیاب ہوگی، جبکہ باغ شہر اور دھیرکوٹ میں بھی محدود DSL سروس بحال کی جائے گی۔ حویلی کہوٹہ میں DSL اور 3G/4G سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور اور بھمبر کے مکمل اضلاع میں DSL انٹرنیٹ سروس دستیاب ہوگی، جبکہ کوٹلی میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے DSL سروس بحال کی جائے گی۔ سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی میں DSL سروس بحال نہیں ہوگی، جبکہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں فی الحال انٹرنیٹ سروس بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بینک برانچز کے ذمہ داران کو حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جس میں انٹرنیٹ کنکشن کو ریاستی مفادات، قومی سلامتی اور عوامی نظم کے خلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی شامل ہوگی۔ حکام کے مطابق آئندہ انٹرنیٹ سروس کی بندش کا فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کے رویے سے مشروط ہوگا۔