لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے حکومتی وفد نے منصورہ میں ملاقات کی، جس کے بعد دونوں جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ اور پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق شامل تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز معاہدوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے لاہور، کراچی، پشاور اور دیگر شہروں میں جاری دھرنے مذاکرات کے دوران بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج مؤخر نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے حکومتی مذاکرات کے لیے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو پٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات پر حکومت سے بات کرے گی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز کو سنجیدگی سے لے گی اور عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل پیر سے شروع ہوگا اور دو ہفتوں میں مطالبات پر مثبت پیش رفت کی کوشش کی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فی لیٹر پٹرول پر عائد ٹیکسز میں نمایاں کمی کی گنجائش موجود ہے اور جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل ٹیم نے اس حوالے سے تجاویز تیار کرلی ہیں۔ دوسری جانب حکومتی نمائندوں نے جماعت اسلامی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم کے ساتھ مل کر قابلِ عمل اقدامات پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔