اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر اور سینئر صحافی حاجی محمد نواز رضا کو صحافت کے شعبے میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے دیے جانے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں وفد نے میڈیا ٹاؤن میں واقع حاجی محمد نواز رضا کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور انہیں ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ حاجی محمد نواز رضا نے اپنی طویل صحافتی زندگی میں صحافیوں کے حقوق، آزادی صحافت اور مثبت صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں اور انہی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا جانا صحافتی برادری کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔انھوں نے حاجی محمد نواز رضا کے لیے مزید کامیابیوں، صحت اور درازی عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات نئی نسل کے صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔اس موقع پرحاجی محمد نواز رضا نے چوہدری محمد یٰسین اوران کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دراصل صحافتی برادری اور ان تمام احباب کی محبتوں کا اعتراف ہے جنہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور بھرپور تعاون کیا۔ انھوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس ذمہ داری ہے اورمیں نے ہمیشہ اپنے قلم اور کردار کے ذریعے حق و سچ کی آواز بلند کرنے کی کوشش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدوریونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین کی ملک بھرکے مزدوروں کے لیے خدمات قابل قدرہیں جس پر ہمیں فخر ہے اورہم امید کرتے ہیں کہ صحافی برادری اورمزدورتنظیمیں مل کر اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گی۔