اسلام آباد: سی ڈی اے کے آپریشن کے دوران رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان متاثرین چورہ گولڑہ شریف اور متاثرین ای-12 کے درمیان پہنچ گئے اور متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ سے بات چیت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ انتظامیہ سے ان کی بات ہوئی ہے، جن لوگوں کے حقوق اور واجبات باقی ہیں، انہیں ادا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چورہ گولڑہ شریف کی ابھی نہ پیمائش ہوئی ہے اور نہ ہی نمبرز لگائے گئے ہیں، اس لیے متاثرین کے واجبات کی ادائیگی سے قبل آپریشن نہیں ہوگا۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ متاثرین ای-12 یا چورہ کے جن افراد کے واجبات باقی ہیں، وہ انہیں دلوائیں گے اور متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انجم عقیل خان نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے حقوق کے تحفظ اور واجبات کی ادائیگی کے معاملے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا۔