راولپنڈی: وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی کچہری میں نئے چوہدری زمرد حسین بلاک کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں صدر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن ساجد اعوان، نائب صدر شازیہ ہاشمی، جنرل سیکریٹری قمر الحق خان نیازی، جوائنٹ سیکریٹری احسن منجھ، سابق صدر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ راجہ ناصر، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملک اسرار، ایڈووکیٹ طیّب پکھڑال، ایڈووکیٹ ندیم اختر بھٹی اور ایڈووکیٹ راجہ شفیق سمیت دیگر وکلا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وکلا کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی اپ گریڈیشن، وکلا کے لیے ہیلتھ سینٹر کے قیام اور نوجوان وکلا کے لیے آئی ٹی سینٹر سمیت جدید مصنوعی ذہانت کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ حکام کے مطابق وکلا برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ضروریات اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف عملی اقدامات جاری ہیں۔