(اکوڑہ خٹک: وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا قومی و صوبائی پیغام امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ دارالعلوم حقانیہ کا دورہ کیا۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (س)کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع، مولانا سید محمد یوسف شاہ ، مولانا عرفان الحق، مولانا لقمان الحق اور دارالعلوم کے دیگر اساتذہ سے ملاقات کی اور حقانی شہداکے لئے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوںنے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور بالخصوص شہدائے حقانیہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیااور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا نیک تمناؤں پر مبنی پیغام و سلام پہنچایا ۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ حقانیہ ایک تاریخی عظیم دینی درسگاہ ہے جس نے ہمیشہ دین اسلام کی نشرواشاعت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز پاکستان کی بقا ء وسلامتی اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔ میرے دادا سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ مرحوم بھی یہاں تشریف لائے تھے صدر پاکستان کی حیثیت سے اور آج مجھے بھی اس تاریخی دینی درسگاہ آمد پر انتہائی اپنائیت اور خوشی کا احساس ہورہا ہے گویا کہ میں اپنے گھر آیا ہوں۔ انہوں نے نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق شہید ،شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس شہید کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور حقانی خاندان و اساتذہ سے تعزیت بھی کی۔ جامعہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع نے معزز مہمان اور وفد کو خوش آمدید کہا اور افتتاحی کلمات پیش کئے۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ جامعہ حقانیہ، جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کیا ہے خواہ وہ ملک میں امن و امان کے قیام کی کوششیں ہوں یا ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کردار ہو،ہم مستقبل میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ہمارے ادارے نے اسلام اور پاکستان کے لئے اپنے بڑوں اور قائدین کی عظیم قربانیاںپیش کی ہیں،اس حوالے سے ارباب اختیار سے ہمارے بڑے گلے شکوے اورتحفظات بھی ہیں،اس موقع پر کوارڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی مولانا طاہر محمود اشرفی نے دارالعلوم حقانیہ اور خصوصاً شہدائے حقانیہ کی تاریخ ،ان کی خدمات و سیاسی و دینی جدوجہد پر تفصیلی گفتگو کی۔ اسی طرح وزیراعظم کے کوارڈینیٹر اختیار ولی نے موثر خطاب کیا۔اس کے علاوہ قومی و صوبامی پیغام امن کمیٹی کے دیگر اراکین ،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ میر آصف اکبر ،مفتی فضل جمیل رضوی، علامہ نذیرحسین، مفتی عبید الرحمن، مولانا سید العارفین، مولانا محمد شعیب ، مولانا الیاس فدا حقانی ،مولانا رستمی،ڈاکٹر کریم خان، مفتی محمد زبیر فہیم، حافظ مقبول احمد ، مولانا زاہد منصورسمیت دیگر شامل تھے ۔ وفد نے دارالعلوم کی جدید تعمیرات اور اہم شعبوں کا دورہ کیا اور اس کے حسن انتظام اور اعلیٰ معیار کو سراہا۔