نیو یارک: وزیر اعطم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تقدیر نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، نوجوان ملک کے مختلف شعبوں کی بہتری کیلیے اپنی تجاویز دیں۔

وزیر اعظم سے پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد صحت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں کے ماہرین پر مشتمل تھا۔ شہباز شریف نے ان کو پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مختلف شعبوں کی بہتری کیلیے اپنی تجاویز دیں، بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم سمیت میرے لیے باعث فخر ہیں، نوجوان ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں، حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید شعبوں میں مہارتیں فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے خادم کی حیثیت سے شروع کیے گئے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ پروگرام جاری ہیں، دینی اور معاشی مشکلات کا شکار طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، دانش اسکولز کے ذریعے کم وسائل رکھنے والے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے، پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی اور بااختیاری کیلیے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات پر اظہار تحسین کیا اور آئی ٹی کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات کو سراہا۔