نیویارک : وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات میں علاقائی امن کے لیے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا، جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے شدہ مفاہمت پر عمل درآمد جاری رکھنے پر بھی زور دیا اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار ادا کرنے کی آمادگی کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی اصولی سفارت کاری اور مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ مضبوط تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی وابستگیوں پر قائم ہیں۔
ایرانی صدر نے کثیرالجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایران کی مضبوط خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔