پریٹوریا، جنوبی افریقہ: پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن اور اسلامک سرکل آف سدرن افریقہ کے زیر اہتمام پریٹوریا کے لوڈیم سِوک سینٹر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کو موجودہ دور میں اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کا آغاز قاری بنیامین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ اقبال لودھی نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ دارالعلوم پریٹوریا کے طلبہ نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ امانت علی تارڑ نے شرکاء سے استقبالیہ کلمات کہے، جبکہ اسلامک سرکل آف سدرن افریقہ کے سابق صدر ڈاکٹر حافظ ندیم احمد اور میاں نصیر نے سیرت رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔

تقریب کی نظامت گوگا بھائی اور فرید لودھی نے کی۔ اختتام پر ناصر خان نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈاکٹر شبیر حسین شاہ کی خصوصی دعا کے ساتھ کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔