راولاکوٹ: وزیراعظم آزادکشمیر کے سو روزہ پلان میں راولاکوٹ اور گردونواح کے لیے متعدد اہم ترقیاتی منصوبے شامل کر لیے گئے ہیں، جن میں سی ایم ایچ راولاکوٹ میں کیتھ لیب کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے، چک میں زیر تعمیر ڈسٹرکٹ ہسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ زچہ و بچہ ہسپتال میں تبدیل کرنا اور 10 الیکٹرک بسوں کی فراہمی شامل ہے۔

منصوبے کے تحت چک تا راولاکوٹ شہر، رہاڑہ سے بلدیہ اڈہ اور مجاہد آباد سے سپلائی بازار تک مجموعی طور پر 20 کلومیٹر سڑک کی تعمیر بھی سو روزہ پلان کا حصہ بنائی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے سو روزہ پلان کے لیے وفاق کی جانب سے فوری طور پر 15 ارب روپے جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ مجموعی سو روزہ پلان میں 28 ارب روپے مالیت کے منصوبے شامل کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 ارب روپے کی رقم پہلی قسط ہوگی، جبکہ ضرورت کے مطابق منصوبوں کے لیے مختص رقم میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ منصوبے سردار طاہر انور کی تحریک پر وزیراعظم آزادکشمیر کے سو روزہ پلان میں شامل کیے گئے ہیں۔