اسلام آباد: چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر محمد طلحہ محمود کی جانب سے سینئر صحافی اور صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) حاجی نواز رضا کو ستارۂ امتیاز ملنے پر خصوصی پذیرائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں صحافتی برادری کے نمائندوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور حاجی نواز رضا کی طویل صحافتی خدمات، پیشہ ورانہ کردار اور صحافیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کو سراہا۔

مقررین نے کہا کہ حاجی نواز رضا کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جانا ان کی صحافتی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف صحافتی اقدار کو فروغ ملتا ہے بلکہ نئی نسل کے صحافیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

اس موقع پر سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حاجی نواز رضا کو قومی اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے شرکا نے حاجی نواز رضا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لیے خدمات قابلِ قدر ہیں۔