اسلام آباد: صوبہ ہزارہ تحریک کا اہم اجلاس سینیٹر محمد طلحہ محمود کی رہائش گاہ پر چیئرمین تحریک سردار محمد یوسف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تحریک کی آئندہ سرگرمیوں اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جدوجہد کو مزید منظم کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبہ ہزارہ تحریک کے وائس چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود، بریگیڈیئر شہزاد اعوان، مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر، امتیاز سپر سٹور کے چیئرمین امتیاز عباسی، مولانا چراغ الدین شاہ اور اشتیاق احمد عباسی نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4 اکتوبر کو ہری پور میں صوبہ ہزارہ کنونشن منعقد کیا جائے گا، جبکہ 11 اکتوبر کو بٹگرام اور 18 اکتوبر کو کراچی میں بھی صوبہ ہزارہ کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا نے صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔