راولپنڈی: پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، ان کی محنت، خلوص اور تربیت ہی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد بنتی ہے۔

راولپنڈی کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1، باغ سرداراں میں منعقدہ ’’ہیرو ٹیچر ایوارڈز‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات، محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ بہترین اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی دراصل علم، تعلیم اور مستقبل کی نسلوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے علم اور تربیت کے ذریعے نئی نسل کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کو سراہنا اور انہیں مناسب پذیرائی دینا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔