اسلام آباد: پاکستانی صحافت کے معروف نام اور روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر ظفر عباس ریٹائر ہو رہے ہیں، جبکہ باخبر ذرائع کے مطابق سینئر صحافی بہزاد عالم خان کو روزنامہ ڈان کا نیا ایڈیٹر نامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بہزاد عالم خان نے روزنامہ دی نیوز انٹرنیشنل کے ایڈیٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ گزشتہ روز اخبار میں ان کا آخری دن تھا۔

بہزاد عالم خان اس سے قبل بھی طویل عرصے تک روزنامہ ڈان سے وابستہ رہے، جہاں انہوں نے نیوز ایڈیٹر سمیت مختلف اہم اور سینئر عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ تقریباً چار سال قبل انہوں نے ڈان سے علیحدگی اختیار کرکے دی نیوز انٹرنیشنل میں شمولیت اختیار کی تھی، جہاں انہیں کراچی، لاہور اور راولپنڈی/اسلام آباد کے تینوں ایڈیشنز کا مرکزی ایڈیٹر مقرر کیا گیا۔

اب ذرائع کے مطابق بہزاد عالم خان کی روزنامہ ڈان میں بطور ایڈیٹر واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ان کی نامزدگی کو ملک کے دو بڑے اخبارات میں سینئر صحافتی قیادت کی ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

ظفر عباس کی ریٹائرمنٹ اور بہزاد عالم خان کی متوقع ذمہ داریوں کے حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات واضح ہوں گی۔