اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2047 کا پاکستان آج ماؤں کی گود میں پرورش پانے والے بچوں سے وابستہ ہے، اس لیے ان کے بچپن کو بہتر بنانا دراصل ملک کا مستقبل سنوارنے کے مترادف ہے۔
نوعمر لڑکیوں اور خواتین میں خون کی کمی کے خاتمے کے قومی منصوبے 2025 سے 2030 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بچوں کی زندگی کے پہلے پانچ برسوں میں صحت، غذائیت، نگہداشت اور تربیت پر خصوصی توجہ دینا قومی مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بچوں کو ملنے والی محبت، تحفظ اور سیکھنے کے مواقع مستقبل میں ان کی صلاحیتوں، اعتماد اور زندگی کی سمت کا تعین کریں گے۔ یہی بچے 2047 کے پاکستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق نشوونما پا سکیں اور ایک مضبوط، خوشحال پاکستان کی بنیاد بنیں۔
احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند اور باصلاحیت نسل کی تیاری کے لیے ابتدائی عمر میں بچوں کی ضروریات پر توجہ دینا اور نوعمر لڑکیوں اور خواتین کی صحت بہتر بنانا ناگزیر ہے۔