اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے اصولوں کو قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ ولادت کا سال محض عقیدت کے اظہار کے بجائے تجدیدِ عہد کا سال ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ ولادت کی تقریبات کے لیے سرکاری لوگو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کو عملی طور پر اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دے کر اور رنگ، نسل، زبان و علاقائی تقسیم سے بالاتر ہو کر مشترکہ پاکستانی شناخت کو مضبوط بنانا ہوگا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو خوددار، خودمختار اور خوشحال ملک بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے 2035 تک ملکی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر شعبۂ زندگی کو قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔