"۔۔۔ یہ کوئی ایسی قوم تھی، کہ ان کی زندگی کا ایک ہی مقصد تھا، وہ تھا پیسہ، نہ ان میں عزت تھی، نہ شرم۔ جو انگریز اکیلے آتے، یہ بڑے پیار سے پوچھتے، ‘صاحب، عورت چاہئے’ اگر صاحب ہاں کردے، تو اپنی بیوی یا اپنی جوان بیٹی پیش کردیتے۔ کئی مانجھی اپنی تین چار شادیاں کرتے۔ اس وقت عام لڑکیاں پچاس روپے میں مل جاتی تھی۔ شادیاں کرکے لڑکیاں پنجاب میں لے آتے، اور ان کو بازار میں بٹھا دیتے۔

یہ شادی کرکے جموں سے کلکتہ تک جاتے۔ کئی لڑکیوں کو طلاق دے کر کئی گنا پیسے لے کربیچ ڈالتے۔ یہ لڑکیاں بچاری تمام عمر یہیں زندگی بسر کرتی۔ کبھی کشمیر واپس جانا نصیب نہ ہوتا۔ مدراس کلکتے بمبئی میں کشمیری لڑکیاں بہت مہنگی بکتی۔ کیونکہ سب لوگ سیاہ فام تھے۔ کشمیر میں نقش نہ بھی اچھے ہوں۔ مگررنگ تو سرخ سفید ہوتا۔ جب یہ چار شادیاں کرکے وہاں جاتے، تو دو لڑکیاں منہ مانگی قیمت پر دوسرے دلال کو طلاق دے کر بیچ ڈالتے۔ دو لڑکیاں اپنے پاس رکھ کر اسمتعال کرتے۔ دن رات یہی دھندہ ہوتا۔ آتی دفعہ ان کو بھی طلاق دے کر بیچ دیتے۔ اور ہاوس بوٹ بنا کر پیسے کماتے۔ جموں میں اکثر ایسی لڑکیاں آتی تھی۔ ہمارے مکان کے سامنے ہی دکانیں تھی۔ جو ایک کشمیری نے کرائے پر لی تھی۔ ہر دو سال بعد دو تازی لڑکیاں لاتا۔ جن کی عمر بمشکل پندرہ سولہ سال ہوتی۔ پرانی لڑکیوں کو لاہور یا دوسرے شہر بیچ آتا۔ جب نئی لڑکیاں آتی تو اسی طرح مار کھاتی۔ پرانی لڑکیاں سمجھاتی، ترغیب دیتی، ‘اگر نافرمانی کرو گی، تو تمھارا برا حشر ہوگا’۔ جیسا کہیں ویسا کرو، ورنہ کھال ادھیڑ دیں گے۔ ہماری طرف دیکھو، ہم نے بھی انکار کیا تھا۔ تین تین دن فاقے کئے، انہوں نے بھوکا پیاسا رکھا۔ مارکھائی شور مچایا، فریاد کی، کوئی مدد کو نہ آیا۔ کسی کے کان پر جوں نہ رینگی۔

اگر کوئی لڑکی بھاگ جاتی، تو کشمیری فورا مقدمہ کردیتا۔ عدالت میں روتا پیٹتا، سرکار ہماری بیوی اس نے چھین لی ہے۔ لڑکی بتہیری روتا پیٹتی، یہ ہم سے برا کام کراتا ہے۔ ہمیں اس سے بچاو۔ مگر قانون کشمیری کے حق میں ہوتا۔ عدالت لڑکی اس کے حوالے کردیتی۔ نئی لڑکیوں کی قیمت پہلے 8 آنے، پھر چھ آنے پھر چار آنے ہوجاتی۔ مقدمہ جیتنے کے بعد لڑکی کا وہ حشر ہوتا خدا کی پناہ۔ اردو بازار میں بہت سے مسلمان ہی رہتے تھے۔ تمام لیڈر صاحبان سب سے بڑھ چڑھ کر باتیں بناتے۔ قوم کے ٹھیکیدار آس پاس ہی رہتے۔ اور ان کے سامنے ہی ان لڑکیوں پر ظلم ہوتے۔ لڑکیوں کی دن رات رونے کی آوازیں آتی۔ مگر ان کی کوئی آواز نہ سنتا، کوئی مدد کو نہ آتا۔ یہ مظلوم لڑکیاں زندہ لاش بن کرزندگی گزارتی۔ سال دو سال کے بعد تپ دق ہوجاتا۔ کشمیری کشمیر جا کربڑی بڑی پگڑیاں باندھ کر شریف بن جاتے۔ آہستہ آہستہ لینڈ لارڈ بن جاتے۔ یہ نامراد کشمیری لڑکیوں کو بیچ کر جو پیسہ کماتے۔ اس سے عزت والے بن جاتے۔ ان لڑکیوں کے گاہک بھنگی، چمار، گورکھے، یا گاوں کے لوگ ہوتے۔ کسی کو ٹی بی، کسی کو آتشک یا اور کئی بیماریاں لگ جاتی۔ آہستہ آہستہ سگریٹ شراب کی بھی عادت پڑ جاتی۔ ان سب معصوموں کا یہی حشر ہوتا۔ مسلمانوں کے لئے بڑی شرم کی بات تھی، یہ ڈھندہ صرف مسلمانوں کا ہی تھا”

٭ یہ ملکہ پکھراج کی سوانح عمری کا ٹکڑا ہے، جو مشہور ادبی جریدہ ‘ آج’ میں چھپا ہے۔۔